امریکا کی کئی ریاستوں میں برف باری نے موسم کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے سے تعطیلات کے لیے جانے والے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق شمالی واشنگٹن میں تین انچ برف باری ہوئی ہے۔دن بھر جاری رہنے والی برف باری سے سردی میں شدت میں اضافہ ہوگیا۔طوفانی ہوائوں کے باعث متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کی تاریں گرنے کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔امریکی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے
کہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مزید نیچے جاسکتا ہے۔ادھر ریاست کیلی فورنیا میں برف باری سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔ بذریعہ سڑک گھروں کو جانے والے مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔امریکا میں ’تھینکس گِوونگ ڈے‘ تہوار سے قبل شہریوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں، ریل گاڑیوں اور جہازوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں میں یہ تہوار مناسکے۔ تاہم خراب موسم کے باعث اب تک دو ہزار پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں اور مسافروں کا شدید دشواری کا سامنا ہے۔